نئی دہلی،23؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اندرونی اختلافات سے پریشان کانگریس، بہار اسمبلی انتخابات کے بعد مزید مشکلات کا سامنا کررہی ہے- پارٹی کے کئی بڑے لیڈر اس پر اب کھل کر تنقید کررہے ہیں -کپل سبل کے بعد اب پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے-
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بہار میں پارٹی کی کارکردگی کا الزام لیڈرشپ پر نہیں لگا رہے ہیں، لیکن سچائی یہ ہے کہ پارٹی کارکنوں میں زمین سے وابستگی ختم ہوتی جارہی ہے- انہوں نے کہا کہ الیکشن فائیواسٹار کلچر سے نہیں جیتے جاتے - آج کے لیڈروں کے ساتھ پریشانی یہ ہے کہ اگر انہیں پارٹی سے ٹکٹ مل جاتا ہے تو وہ پہلے فائیواسٹار ہوٹل بک کراتے ہیں - اگر روڈ خراب ہے تو وہ کہیں نہیں جاتے- آزاد نے کہا کہ جب تک فائیو اسٹار کلچر کو ختم نہیں کیا جاتا، کوئی بھی الیکشن نہیں جیت سکتا ہے-
نیوزیجنسی اے این آئی سے بات چیت میں آزاد نے کہا کہ ہم سبھی شکستوں سے فکرمند ہیں، خاص طور پر بہار اور ضمنی انتخابات کے نتائج سے- انہوں نے کہا کہ آپ کو پارٹی سے پیار ہونا چاہئے-خیال رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات اور ملک کی کئی ریاستوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی تھی، جس کے بعد سے ہی پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں نے ناراضگی ظاہر کی تھی-